Monday, February 18, 2013

sargodha news 18 February 2013


سرگودھا (جاویدملک) ڈسٹری بیوٹر کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر خواجہ محسن مہدی ‘ جنرل سیکرٹری شفیق الرحمن‘ سابق صدر مظہر احمد ملک‘ مخدوم ظفر محمود‘ میاں محمد سلیم‘ خواجہ محمد عمر فاروق‘ خواجہ محمد نعیم سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈسٹری بیوٹر کونسل کے ممبران کا آپس میں اتفاق ہونا ضروری ہے جو ڈسٹری بیوٹر کونسل کا ممبر کسی بھی کمپنی کی ڈیلر شپ چھوڑتا ہے تو دوسرے کو لینے سے قبل اس بات کی تصدیق کرلینی چاہیئے کہ آیا کسی کمپنی نے ہمارے ڈیلر کا بقیہ جات تو نہیں دینا اس کے علاوہ ٹیکسوں کے معاملے میں ڈسٹری بیوٹر کونسل کی رہنمائی کیلئے ہمیں ایک ایسا لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیئے تاکہ ہم ملک کی بقاء اور اس کی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے ٹیکس دے سکیں اس کے علاوہ ہم حکومت کو سالانہ کروڑوں کا ٹیکس دیتے ہیں مگر ہمیں سہولتیں نہیں دی جاتیں دن کے اوقات میں ہمارا سامان وغیرہ شہر میں آنے نہیں دیا جاتا اسی طرح محصول چونگیوں والے بھی ہمارے ممبران سے بدمعاشی کرتے ہیں جس کا سد باب ہونا چاہیئے صدر خواجہ محسن مہدی نے کہا کہ اس وقت ڈسٹری بیوٹر کونسل کے زیر انتظام شہر بھر میں 7 محمدی دستر خوان چل رہے ہیں جن پر سستے آٹے کی فراہمی جاری ہے جونہی حکومت ختم ہوگی تو سستا آٹا بھی ختم ہونے کا امکان ہے جس سے محمدی دستر خوان چلانے والوں پر بوجھ بڑھے گا اس لئے ممبران کو چاہیئے کہ وہ زیادہ سے زیادہ محمدی دستر خوان کیلئے اپنی زکوۃ یا دیگر فنڈ سے تعاون کریں تاکہ مستحق اور سفید پوش لوگ محمدی دستر خوان سے استفادہ کرسکیں اس موقع پر ضلع بھر سے ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

بھلوال(رانا شبیراحمد) محفل عظمت شان مصطفیؐ آج19فروری کو جامع مسجد غوثیہ چک 90 جنوبی میں منعقد ہوگی جس کے مہمان خصوصی محبوب الحسن شاہ قادری گیلانی آستانہ عالیہ سخی شاہ سلیمان نوری حضوری بھلوال ہونگے جبکہ عابد ظہور قادری ادریسی اس محفل میں خصوصی خطاب کرینگے جبکہ زینت القراء قاری اخلاق نقشبندی قرات کرینگے اسی طرح حضرت علامہ نثار احمد سیالوی‘ حضرت علامہ عبدالرزاق‘ سید فیصل حسین شاہ‘ پیر محمد اسلم رضوی‘ ارشد حسین شاہ‘ علامہ سید سبطین شاہ‘ واجد عباس قادری خصوصی خطاب کرینگے جبکہ اس محفل میں مقامی علماء کرام بھی کثیر تعداد میں شرکت کرینگے یہ بات طالب حسین چوہدری نے بتائی۔


سرگودھا (عمران گورائیہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق ڈویژنل صدر ملک عزیز الحق نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ضلع سرگودھا کے دو ایم پی اے جبکہ دیگر اہم شخصیات کا پیپلز پارٹی کو چھوڑنا وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی تسنیم احمد قریشی کی وجہ سے ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے پیپلز پارٹی کی قیادت پر واضح کردیا ہے کہ اگر حلقہ این اے 66 سے ٹھیکیداری کی سیاست کرنیوالے تسنیم احمد قریشی کو ٹکٹ دیا گیا تو پاکستان پیپلز پارٹی کو ضلع بھر میں ایک بھی نشست نہیں ملے گی ملک عزیز الحق نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنی مدت پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پوری کرنے جارہی ہے مجھے افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑرہا ہے کہ ہم عوام کو وہ کچھ ڈلیور نہیں کرسکے جو پیپلز پارٹی کی حکومت کو کرنا چاہیئے تھا یہی وجہ ہے کہ آج پیپلز پارٹی کی نامور شخصیات پارٹی کو چھوڑ کر جارہی ہیں اس میں قیادت کا بھی بڑا کردار ہے اگر قیادت نے اب بھی ہوش کے ناخن نہ لئے تو آنیوالے انتخابات میں شاید چند ایک کے علاوہ پیپلز پارٹی کا کوئی بھی امیدوار کامیاب نہ ہوسکے صدر پاکستان کو اس کا نوٹس لینا چاہیئے۔

سرگودھا (عمران گورائیہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی فاروق حسن کے بہنوئی رانا محمد منیر گوجرہ میں گزشتہ روز انتقال کرگئے جنہیں سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کردیا گیا نماز جنازہ میں پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی کثیر تعداد نے سرگودھا سے شرکت کی ان کی وفات پر پاکستان پیپلز پارٹی کے وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی تسنیم احمد قریشی‘ وفاقی وزیر پیداوار چوہدری انور علی چیمہ‘ ایم پی اے طاہر نوید چوہدری‘ رانا منور غوث‘ کامل شمیل گجر‘ سابق ڈویژنل صدر ملک عزیز الحق‘ سابق ایم پی اے ڈاکٹر نادیہ عزیز‘ سابق ناظم محمد شفیق سندھو سمیت دیگر نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطاء کرے۔
سرگودھا (جاویدملک) ڈی آئی جی سرگودھا محمد عملش نے ٹریفک پولیس کے عملہ سے تمام تھانوں کی پولیس کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ بغیر نمبر موٹر سائیکل‘ گاڑیوں کیخلاف کاروائی کرنے کے علاوہ ون ویلنگ کرنیوالے نوجوانوں کیخلاف فوری کاروائی عمل میں لائیں ون ویلنگ کے باعث ہر ماہ کئی قیمتی جانیں ضائع ہوجاتی ہیں جبکہ کئی نوجوان زندگی بھر کیلئے اپاہج ہوجاتے ہیں انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ ذمہ داری شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اپنی گاڑیوں‘ موٹر سائیکلوں پر نمبر پلیٹس لگوائیں اس کے علاوہ انہوں نے غیر نمونہ جات والی نمبر پلیٹس لگانے والوں کیخلاف بھی کاروائی عمل میں لائیں انہوں نے کہا کہ شہری نمبر پلیٹس کو نمایاں لگائیں تاکہ نمبرز پڑھنے میں آسانی ہو۔

سرگودھا (عمران گورائیہ) محکمہ ایکسائز کی جانب سے نمبر پلیٹس کی رقم وصول کرنے کے باوجود شہریوں کو کئی ماہ گزر جانے کے باوجود نمبر پلیٹس نہیں مل سکیں جس کی وجہ سے لوگوں کی بڑی تعداد کاغذوں اور دیگر اشیاء پر نمبر لگا کر اپنی گاڑیوں پر چسپاں کرنے پر مجبور ہیں جبکہ محکمہ ایکسائز کا کہنا ہے کہ نمبر پلیٹس جونہی وصول ہوئیں لوگوں کو فراہم کردی جائیں گی۔

سرگودھا (عمران گورائیہ) سرگودھا شہر میں واقع اسلام پورہ اوور ہیڈ برج اور خیام سینما اوور ہیڈ برج ٹوٹنا شروع ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے کسی بھی وقت ناخوشگوار واقع رونما ہوسکتا ہے خصوصاً اسلام پورہ اوور ہیڈ برج جگہ جگہ سے ٹوٹ چکا ہے ڈرائیور حضرات جمپس سے بچنے کیلئے جونہی گاڑی کو دائیں بائیں موڑنے کی کوشش کرتے ہیں تو اس حادثات ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں جبکہ پل کے اوپر بنائی گئی سڑک پر گڑھے پڑنا شروع ہوگئے ہیں جو جمپ لگنے کی صورت میں پل کو کمزور کررہے ہیں یہی صورتحال خیام چوک کے پل پر بھی بننا شروع ہوگئی ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ ہائی‘ وے بلدیہ اور متعلقہ اداروں کے افسران دن میں کئی بار ان اوور ہیڈ برج سے گزرتے ہیں مگر کسی بھی افسر کو یہ گڑھے نظر نہیں آرہے جب حادثہ ہو اتو تمام ادارے بھی حرکت میں آجائیں گے شہریوں نے کمشنر سرگودھا سے اس کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

سرگودھا (جاویدملک) ملک کو چار کے ٹولے سے بچانے کیلئے محب وطن سیاسی قوتوں کو گرینڈ الائنس بناکر انہیں ملک کو لوٹنے سے بچانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اگر محب وطن سیاسی قوتوں نے الحاق نہ کیا تو ملک کو لوٹنے والے پھر برسر اقتدار نہ آجائیں جس سے ملک معاشی طور کے ساتھ ساتھ دہشتگردی کی لپیٹ میں آجائیگا ان خیالات کا اظہار حلقہ این اے 66 سے قومی اسمبلی کے امیدوار ڈاکٹر ارشد شاہد نے بلاک نمبر 9 خوشاب روڈ پر واقع اپنے انتخابی دفتر میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور دیگر محب وطن سیاسی قوتوں کے درمیان آئندہ انتخابات میں الائنس کیلئے بات چیت چل رہی ہے انہوں نے کہا کہ اہل سرگودھا نے جو محبتیں ہمیں دی ہیں ان کا قرض ہم شاید ساری زندگی بھی ان کی خدمت کرکے نہ اتار سکیں ڈاکٹر ارشد شاہد نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت موجودہ حکمرانوں نے جس قدر معاشی طور پر تباہ کیا ہے اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی ہر چیز ملک سے غائب ہورہی ہے جبکہ حکمران اپنے محل بنانے میں مصروف ہیں۔

بھلوال( رانا شبیراحمد) مسلم لیگ ن کے تحصیل کوآرڈینیٹر چوہدری آفتاب اللہ وڑائچ نے کہا ہے کہ ہم حقیقی جمہوریت اور معاشی طور پر ملک کو ایشیائی ٹائیگر بنانے کیلئے سرگرم عمل ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں گڈ گورننس قائم ہو لوگوں کو بجلی ‘ گیس اور سی این جی وافر مقدار میں میسر آئے ہماری صنعتیں ایک بار پھر پیداواری ہداف پورے کرے اس کیلئے پوری قوم کو میاں نواز شریف اور اس کے نامزد نمائندوں کو کامیاب کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ زرداری اینڈ کمپنی نے پاکستان کے تمام اداروں کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ٹرینیں بند ہوچکی ہیں پی آئی اے بند ہونے کے قریب ہے سٹیل مل کا بیڑہ غرق کردیا گیا ہے سوئی گیس‘ بجلی‘ پٹرول نایاب ہوتے جارہے ہیں اور زرداری اینڈ کمپنی ڈھٹائی سے پھر کہہ رہی ہے کہ ہم بر سر اقتدار آئیں گے اگر قوم نے اس بار بھی ووٹ دینے میں غلطی کی تو اندھیرے ان کا مقدر بن جائیں گے راؤ طاہر مشرف نے کہا کہ پوری قوم میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کے ہاتھ مضبوط کرے اور آئندہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرکے ملک کے بہتر مستقبل کی بنیاد رکھے۔
سرگودھا (عمران گورائیہ) سرگودھا شہر میں آوارہ کتوں کی بہتات ‘ شہری غیر محفوظ ہسپتالوں میں کتا کاٹنے کی ویکسیئن نایاب کتا کاٹنے کی ویکسیئن لوگ بازار سے خرید کر لگوانے پر مجبور متعلقہ ادارے کتے تلف کرنے میں ناکام‘ کمشنر سرگودھا سے کتے تلف کرانے کا مطالبہ‘ سرگودھا شہر اور گردونواح میں جگہ جگہ پولٹری فارم اور قصابوں کی دکانیں کھلنے کے باعث قصاب جانوروں کی باقیات اور مردہ مرغیاں پھینک دیتے ہیں جنہیں کھانے سے کتے خونخوار ہوتے جارہے ہیں اور ہی وجہ ہے کہ یہ آنے جانیوالے انسانوں پر حملہ کردیتے ہیں جس سے وہ شدید زخمی بھی ہوجاتے ہیں آوارہ کتوں کی بھرمار شہریوں کیلئے عذاب بنتی جارہی ہے خصوصاً رات کے اوقات میں کوئی شہری موٹر سائیکل‘ پیدل یا سائیکل پر سفر کررہا ہو تو یہ کتے پیچھے پڑ جاتے ہیں کمشنر سرگودھا نوٹس لیں۔

سرگودھا (عمران گورائیہ) جوہر کالونی میں واقع گندے پانی کا تالاب عوام کے ساتھ ساتھ نمازیوں کیلئے بھی وبال جان بن گیا ہے پانی کی وجہ سے مچھروں کی بہتات ڈینگی کے پھیلاؤ کا موجب بن سکتی ہے اگر بلدیہ حکام نے گندے پانی کے جوہڑ کو ختم نہ کیا تو آئندہ ماہ سے ڈینگی پھیلنے کا اندیشہ بڑھ سکتا ہے پولٹری ایسوسی ایشن کے نائب صدر غلام عباس نے کمشنر سرگودھا ‘ ڈی سی او سرگودھا‘ ایڈمنسٹریٹر سرگودھا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جوہر کالونی کا دورہ کریں اور یہاں پر گندے پانی کے جوہڑ کا خود ملاحظہ کریں اور دیکھیں کہ لوگ کس اذیت سے دو چار ہیں۔

سرگودھا (عمران گورائیہ) وہ قومیں ہمیشہ ترقی کرتی ہیں جن کے کھیلوں کے گراؤنڈ آباد ہوتے ہیں اور وہ قوم ہر میدان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑھتی ہیں جن قوموں کے گراؤنڈ برباد ہوتے ہیں ان کے ہسپتال آباد ہوتے ہیں صحت مند قوم کیلئے کھیلوں کا فروغ وقت کا اہم تقاضا ہے ان خیالات کا اظہار سی این جی ایسوسی ایشن سرگودھا کے صدر امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 35 سابق ناظم سید محمود بخش گیلانی نے چک 67 شمالی میں کھیلے گئے کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا سید محمود بخش گیلانی نے کہا کہ نوجوانوں کا نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی جانب مبذول ہونا ایک اچھی روایت ہے اور خوشی ہے کہ کرکٹ کا کھیل دیہی علاقوں میں بھی فروغ پارہا ہے ٹورنامنٹ کا فائنل چک 67 شمالی اور 74 شمالی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں چک 67 شمالی کی ٹیم نے اول پوزیشن حاصل کی اس موقع پر سید محمود بخش گیلانی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اس موقع پر لوگوں کی کثیر تعداد میچ کا فائنل دیکھنے کیلئے موجود تھی ٹورنامنٹ میں ضلع بھر سے بیس سے زائد ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔

No comments:

Post a Comment