سرگودھا (جاویدملک) پاکستان تحریک انصاف سرگودھا کے رہنما رائے حافظ عبدالرحمن ساہی نے کہا ہے کہ عبوری حکومت کے قیام کے ساتھ ہی تحریک انصاف کو ملک بھر سے بھرپور عوامی پذیرائی ملے گی اور ملک بھر میں تحریک انصاف سب سے بڑی سیاسی قوت بن کر سامنے آئے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا پریس کلب میں پروگرام’’میٹ دی پریس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صدر پریس کلب نعیم اختر خان نے سپاس نامہ پیش کیا اور جنرل سیکرٹری رانا ساجد اقبال نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا۔ میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے رائے عبدالرحمن ساہی نے کہا کہ تحریک انصاف ایک شفاف انتخابی عمل سے گزر رہی ہے اور تحریک انصاف میں قیادت کا معیار پیسہ یا برادری نہیں بلکہ کام ہے اور تحریک انصاف کی قیادت ایک معمولی شخص کو بھی مل سکتی ہے اور یہ مثال کئی اضلاع میں قائم ہو چکی ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان کا سیاسی کردار بے داغ ہے اور وہ ملک کو کرپشن سے پاک کرکے ایک مضبوط معاشی اور سیاسی قوت بنانا چاہتے ہیں تاکہ پاکستان دنیا کی اقوام کی صف میں عزت و قار کے ساتھ کھڑا ہو انہوں نے کہا کہ سرگودھا میں تحریک انصاف کے ٹکٹ میرٹ پر دےئے جائیں گے اور ایسی قیادت سامنے آئے گی جن پر عوام اعتماد کریں اور وہ ضلع کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کر سکیں انہوں نے کہا کہ یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ ملک کی دونوں بڑی سیاسی پارٹیاں عوام کو بے وقوف بنا رہی ہیں اور دونوں نے وسیع پیمانے پر کرپشن کی اور ملک کی ترقی کے لئے کچھ نہیں کیا آج حالت یہ ہے کہ پاکستان معاشی طور پر تباہ اور پوری دنیا میں دہشت گردی کے نام سے جانا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مجھے موقع ملا تو میں عوام کی خدمت کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھوں گا اور ضلع سرگودھا کے عوام آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے۔
No comments:
Post a Comment