Monday, January 28, 2013

sargodha news

سرگودھا (عمران گورائیہ) وفاقی وزیر بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر پال بھٹی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کررہی ہے تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد نگران وزیر اعظم کا اعلان کیا جائیگا جبکہ اسمبلیاں تحلیل کئے جانے کے بارے میں بھی صلاح مشورے جاری ہیں وہ رکن پنجاب اسمبلی طاہر نوید چوہدری کے بھائی کی شادی کی تقریب میں صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے اس موقع پر وفاقی وزیر پیداوار چوہدری انور علی چیمہ‘ وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی تسنیم احمد قریشی‘ رکن پنجاب اسمبلی اعجاز احمد کاہلوں‘ سینٹر کامران مائیکل‘ رکن خیبر پختوہ نخواہ اسمبلی پرنس جاوید‘ رکن پنجاب اسمبلی کامل چغتائی‘ پارلیمانی سیکرٹری خلیل طاہر سندھو‘ رکن پنجاب اسمبلی کامل شمیل گجر سمیت سابق ناظمین کونسلرز نائب ناظمین وکلاء تاجر مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی اس موقع پر وفاقی وزیر پیداوار چوہدری انور علی چیمہ نے کہا کہ حلقہ کی تعمیر و ترقی کیلئے کام جاری ہے جبکہ وزیر مملکت برائے پانی و بجلی تسنیم احمد قریشی نے کہا کہ حکومت لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کیلئے اقدامات کررہی ہے‘ سینیٹر کامران مائیکل نے کہا کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں میں اقلیتوں کی نشستیں بڑھانے سے انہیں اپنی آواز احسن طریقہ سے اعلیٰ ایوانوں میں بلند کرنے میں مدد ملے گی اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی طاہر نوید چوہدری نے کہا کہ میں تمام دوست و احباب کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے بھائی کی شادی کی تقریب میں شرکت فرما کر ہماری خوشیوں کو دوبالا کیا۔

سرگودھا (عمران گورائیہ) سرگودھا پریس کلب کا ایک وفد پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے زیر اہتمام پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا میں شرکت کیلئے صدر سرگودھا پریس کلب نعیم اختر خان کی قیادت میں روانہ ہوگا اس موقع پر روانگی سے قبل صدر پریس کلب نعیم اختر خان ‘ سینئر نائب صدر ملک محمد اصغر‘ جنرل سیکرٹری رانا ساجد اقبال‘ سینئر صحافی شاہین فاروقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں نے جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کیا اور حق سچ لکھنے کی پاداش میں ہمارے 87 سے زائد صحافی بھائیوں کو شہید کردیا گیا حکومت ہمارے شہید ساتھیوں کے قاتلوں کو گرفتار کرکے عبرتناک سزا دے اور ان کے لواحقین کیلئے بھرپور مالی امداد کا اعلان کرنے کے علاوہ انہیں مکمل تحفظ فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرے مقررین نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کو صحافیوں کیلئے خطرناک ملک قرار دیا جارہا ہے حکومت سنجیدگی سے اس کا نوٹس لے اور صحافیوں کو پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران تحفظ فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرے اس موقع پر صحافی زندہ ہیں صحافی اتحاد زندہ باد سمیت مختلف نعرے لگائے گئے۔

سرگودھا (عمران گورائیہ) انجمن تاجران گولچوک کے سابق نائب صدر جاوید ملک نے کہا ہے کہ تاجروں کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے سب سے زیادہ ٹیکس دینے کے باوجود بھی حکومتی اداروں کے اہلکار تاجروں کو ہی ہراساں کرتے ہیں حکومت ٹیکس دینے والے صحافیوں کو دیگر ممالک کی طرح سہولتیں فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرے تاکہ تاجروں کو بھی احساس ہو کہ تاجر برادری جو ٹیکس دیتی ہے حکومت اس کے بدلے انہیں سہولتیں بھی فراہم کرتی ہے۔

سرگودھا (عمران گورائیہ) سرگودھا اور گردونواح میں گزشتہ ایک ہفتہ سے نکلنے والی کڑکتی دھوپ کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں کمی واقع ہونا شروع ہوگئی ہے دن کے اوقات میں سردی کی شدت نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوجاتا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ موسم کی تبدیلی سے شہری بڑی تعداد میں بیمار ہورہے ہیں۔

سرگودھا (عمران گورائیہ) ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال کے ماہر امراض ناک‘ کان‘ گلہ ڈاکٹر خلیل رانا نے کہا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے باعث لوگوں کی اکثریت کھٹی‘ ٹھنڈی اشیاء استعمال کررہی ہے جس سے ناک‘ کان‘ گلے کے امراض بڑھ رہے ہیں اکثر لوگوں نے گرم کپڑوں کا استعمال بھی کم کردیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی اکثریت بخار جیسی بیماری میں مبتلا ہورہی ہے انہوں نے کہا کہ موسم میں تبدیلی کا یہ مطلب نہیں کہ لوگ گرم کپڑو ں کا استعمال ترک کردیں دن کے اوقات میں سورج کی وجہ سے سردی محسوس نہیں ہوتی مگر شام کے اوقات میں سردی کی شدت انسانی جسم کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے اس لئے احتیاط کی جائے اور ابھی گرم کپڑوں کا استعمال ترک نہ کیا جائے اس کے علاوہ ٹھنڈی اور کھٹی چیزوں کا استعمال بھی سوچ سمجھ کر کیا جائے۔

سرگودھا (عمران گورائیہ) ایم کیو ایم نے سرگودھا ضلع کی پانچ قومی اور گیارہ صوبائی اسمبلی کی نشستوں کیلئے امیدواروں کے نام طلب کرلئے ہیں ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنونیئر فاروق ستار نے سرگودھا کی تنظیم کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ضلع بھر کے تمام قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں امیدوار کھڑا کرنے کیلئے نام مرکزی سیکرٹریٹ کو روانہ کریں ناموں کے ساتھ امیدواروں کی ایم کیوایم سے وابستگی کے بارے میں بھی تفصیلات درج کی جائیں ایم کیو ایم نے پنجاب بھر کے تمام قومی و صوبائی اسمبلیوں میں اپنے امیدوار کھڑے کرنے کا اعلان کررکھا ہے۔

سرگودھا (عمران گورائیہ) حکومت مدت پوری کرنے کو ہے لیکن اس نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا سوائے مہنگائی‘ بے روزگاری ‘ کرپشن ‘ توانائی کا بحران اور ڈرون خود کش حملوں کے علاوہ‘ یہ بات وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی راؤ طاہر مشرف نے مسلم لیگ ن کے ورکروں سے اپنی رہائشگاہ پر بات چیت کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت پانچ سال پورے کرنے کو جارہی ہے ان پانچ سالوں میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے عوام کو فاقوں کے سوا کچھ نہیں دیا اور اب بھی یہ لوگ آئندہ انتخابات میں جیت کے خواب دیکھ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی نے انتخابات کو ملتوی کرنے کی کوشش کی تو عوام سڑکوں پر نکل آئیں گے اور اس کے بھیانک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں راؤ طاہر مشرف نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کو ذہنی طور پر معذور کردیا ہے جس کی وجہ سے لوگ خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔

سرگودھا (عمران گورائیہ) حلقہ این اے 66 سے قومی اسمبلی کے امیدوار جماعت اسلامی کے راہنما ڈاکٹر ارشد شاہد نے سی بلاک سٹیلائٹ ٹاؤن اور 49 ٹیل پر کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی ‘ بے روزگاری‘ بد امنی نے موجودہ دور کے نوجوانوں کو ذہنی طور پر منتشر کردیا ہے جس وجہ سے وہ ملک و قوم کی فلاح و بہبود میں اپنا کردار موثر انداز سے ادا کرنے میں قاصر ہیں ڈاکٹر ارشد شاہد نے کہا کہ اقتدار کے پجاریوں کے درمیان پاکستانی قوم پس کر رہ گئی ہے ایک طرف حکومت کا پٹرول‘ بجلی‘ گیس سمیت تمام اشیاء کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ‘ دوسری طرف پسی ہوئی عوام ہے اب آئندہ انتخابات میں قوم کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ کس کے ساتھ ہیں اگر انتخابات کے دوران ووٹ کے استعمال میں قوم نے غلطی کی تو اس کا خمیازہ پھر بھگتنا ہوگا۔

سرگودھا (عمران گورائیہ) سردی کی شدت میں کمی کے ساتھ ہی انڈے کی قیمتوں میں 12 روپے فی درجن کمی کردی گئی 102 روپے فی درجن فروخت ہرنیوالے انڈے 90 روپے درجن میں فروخت ہونے لگے انڈے فروشوں کا کہنا ہے کہ اگر موسم میں خنکی نہ آئی تو انڈے کی قیمتوں میں مزید 10 سے 12 روپے فی درجن کمی ہوسکتی ہے۔

سرگودھا (عمران گورائیہ) آئندہ انتخابات میں سیاسی جماعتوں کے بارے میں 100 افراد سے سروے کیا گیا جن میں سے 32 افراد نے ن لیگ ‘ 24 افراد نے تحریک انصاف‘ 23 افراد نے پیپلز پارٹی‘ 10 افراد نے جماعت اسلامی‘ ایک شخص نے ایم کیو ایم‘ 3 افراد نے مختلف مذہبی جماعتوں جبکہ 7 افراد نے آزاد امیدواروں کے حق میں فیصلہ دیا اس سروے میں ن لیگ 32 فیصد ووٹ کے ساتھ عوامی سروے میں سر فہرست ہے تحریک انصاف دوسرے جبکہ پیپلز پارٹی تیسرے نمبر پر چلی گئی ہے‘ جماعت اسلامی 10 فیصد ووٹوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے باقی مذہبی آزاد اور ایم کیو ایم کی پنجاب میں کوئی خاص پوزیشن نہ ہے۔

سرگودھا (عمران گورائیہ) تحصیل سلانوالی اور اس کے 20 دیہاتوں کو 80 کروڑ روپے کی لاگت سے گیس کی فراہمی کی افتتاحی تقریب 4 فروری کو شاہین آباد کے مقام پر منعقد ہوگی جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر پیداوار چوہدری انور علی چیمہ ہونگے محکمہ سوئی گیس کے مطابق 80 کروڑ روپے کی لاگت سے وفاقی وزیر پیداوار چوہدری انور علی چیمہ نے اپنے حلقہ کے علاقے سلانوالی‘ چک 120‘ 121‘122‘ 126‘ 115شمالی‘ 129‘127‘ 125‘ 124‘ 123‘ 117‘ 118‘ 122‘ 121‘ 138‘ 140‘ 130‘ 131جنوبی کے علاوہ شاہین آباد کو گیس کی سہولت میسر آئے گی حکومت نے 80 کروڑ روپے کے فنڈ جاری کردیئے ہیں جس سے ان علاقوں کو گیس فراہم کی جائیگی۔

سرگودھا (عمران گورائیہ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سرگودھا نے چک 84 جنوبی کے رہائشی چوہدری محمد اکرم کی اراضی پر قبضہ کرنے اور پولیس کی جانب سے کسی قسم کی کاروائی نہ کرنے پر SHO تھانہ بھاگٹانوالہ‘ ذوالفقار بھٹی سکنہ 49 ٹیل‘ شیراز بوٹا‘ ٹھیکیدار پرویز اور چار نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت جاری کی ہے کہ فوری طور پر ان افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے ‘ چوہدری محمد اکرم نے اپنی درخواست میں لکھا کہ چک 84 جنوبی میں اس کی ملکیتی اراضی جوکہ میرے بیٹے ڈاکٹر نوید اکرم مرحوم کے نام تھی پر ان افراد نے زبردستی قبضہ کیا ہماری اراضی سے بانس وغیرہ کاٹ لئے جبکہ دیواریں پھلانگ کے اندر داخل ہوگئے اور تالے وغیرہ توڑ دیئے متعدد بار تھانے درخواست دی مگر ہماری شنوائی نہ ہوئی جس پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن سرگودھا نے مذکورہ ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔

سرگودھا (عمران گورائیہ) مولا بخش ہسپتال کو ڈویژنل گائنی ہسپتال کا درجہ دینے کیلئے حکومت پنجاب کو محکمہ صحت نے درخواست دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سرگودھا ڈویژن کے اضلاع خوشاب‘ میانوالی‘ بھکر اور منڈی بہاؤالدین وغیرہ کیلئے سرگودھا میں واحد گائنی ہسپتال ہے جہاں پر مریضوں کا رش بے پناہ ہوتا ہے اور یہاں پر بیڈز کی کمی ہے لہذا مولا بخش ہسپتال کو ڈویژنل گائنی ہسپتال کا درجہ دینے کے علاوہ ہسپتال میں 250 بیڈز پر مشتمل نئی بلڈنگ تعمیر کرنے کیلئے فنڈز دیئے جائیں اور اس کے علاوہ یہانپر کم از کم پانچ مزید گائنی کالوجسٹ ڈاکٹرز تعینات کئے جائیں تاکہ مریضوں کو بہتر سہولیات میسر آسکیں یادرہے کہ حکومت نے ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال کی توسیع کا کام شروع کررکھا ہے جب کہ پرانی بلڈنگ کو گرا کر نئی بلڈنگ کی تعمیر کیلئے بھی فنڈز آچکے ہیں جس میں سے ضلعی محکمہ صحت نے کچھ فنڈز مولا بخش ہسپتال میں نئی بلڈنگ تعمیر کرنے کیلئے مختص کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔

سرگودھا (عمران گورائیہ) ملک کی تمام صنعتوں کو ایک سوچی سمجھی سازش کے ذریعے بحران میں مبتلا کرکے لاکھوں مزدوروں کو بے روزگاری کی دلدل میں دھکیلا جارہا ہے توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے ڈنگ ٹپاؤ پالیسی اپنائی جارہی ہے جس سے مزدور طبقہ روز بروز بے روزگاری کی دلدل میں دھنستا جارہا ہے ان خیالات کا اظہار کمیونسٹ پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری کامریڈ امداد قاضی نے سرگودھا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاشتکار ذہنی غربت سے نکل کر مڈل مین کے کردار کو ختم کرنے کیلئے جدوجہد کریں اور اجناس کی قیمتوں کیلئے صوبائی حکومت پر دباؤ بڑھائی تاکہ اپنے اخراجات کو نکال کر دوسری فصلوں کیلئے ادویات کھاد‘ بیج وغیرہ باآسانی خرید سکیں انہوں نے کہا کہ شوگر مل مالکان کنڈا مافیا اور آڑھتی کی لوٹمار سے بچنے کیلئے کاشتکاروں کو خود اپنا لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا انہوں نے حلقہ این اے 65 کے علاقے للیانی‘ نصیر پور میں خواتین کے ووٹ نہ ڈالنے کے پنچائتی فیصلے کی جانب الیکشن کمیشن کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے خواتین کو ان کا حق دلوانے کا مطالبہ کیا انہوں نے کہا جمہوریت کی بقاء محنت کش طبقے اور خواتین کے حقوق کیلئے کمیونسٹ پارٹی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

No comments:

Post a Comment