Monday, January 7, 2013

SARGODHA NEWS


سرگودھا(بیورورپورٹ) سرگودھاسمیت ملک بھرکے مختلف شہروں میں گھریلوصارفین کیلئے گیس کی مکمل بندش نے لوگوں کے دماغ گرم کردیئے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ اور گیس کی مسلسل18 اٹھارہ گھنٹے بندش کے باعث لوگوں کی بڑی تعداد حکومت کے خلاف طاہرالقادر ی کے لانگ مارچ کیلئے تیار ہوچکی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ گیس، بجلی، مہنگائی نے عوام سے روٹی ، کپڑا اور مکان چھین لیا ہے اب حکومت کیخلاف لانگ مارچ ہی ان حکمرانوں سے نجات کاذریعہ ہے۔ روزروز سسک سسک کر مرنے سے بہتر ہے کہ قوم کیلئے لانگ مارچ کرتے ہوئے موت آجائے۔ صبح سویرے بچے بغیر ناشتہ کے سکول، کالجز جانے پرمجبو ر ہیں۔ دوپہر کو گھر واپس آتے ہیں تو گیس نہیں ہوتی۔ دوسری طرف لوگوں نے گیس سلنڈر بھی مہنگے کردیئے ہیں جبکہ دھند اور اوس کے باعث لکڑیاں گیلی ہیں اور کوئلے کی قیمت بھی آسمان کوچھورہی ہے۔ ان حالات میں حکومت کے خلاف لانگ مارچ ہی ان نجات کاحل ہے۔ زرداری کے بعد بلاول بھٹو کی سیاست میں آمد کے چرچے ہیں۔ مگر پیپلزپارٹی کی حکومت نے قوم کو جو کچھ پانچ سال کے اندر دیا ہے ان حالات میں قوم زرداری کے بیٹے کو نہ پسند کرنے لگے ہیں لوگوں کی اکثریت کا کہنا ہے جیسا باپ ویسا بیٹا پوری قوم توانائی کے بحران کے باعث ذہنی طور پر مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ اب اس حکومت کا جانا ہی عوام کے حق میں بہتر ہے۔

سرگودھا(بیورورپورٹ) سرگودھا کے شہری 7 روز گزر جانے کے بعد بھی2013 کے سورج کو نہ دیکھ سکے اور گزشتہ 7 دن کے دوران 2013 کے سورج کی کرنیں سرگودھا کی سرزمین پر نہیں پڑ سکی شدید دھند اور بادلوں کے باعث سورج نہ نکل سکا۔ اس طرح سرگودھا کے شہری سات دن گزرنے کے باوجود بھی سورج کا دیدار نہ کرسکے۔

سرگودھا(بیورورپورٹ) وزارت پیداوار حکومت پاکستان کی جانب سے سرگودھا میں قائم ہونیوالے جیمز اینڈ جیولری ٹریننگ اینڈ مینوفیکچرنگ سنٹر کاافتتاح آج وفاقی وزیر پیداوار چوہدری انور علی چیمہ کرینگے۔ یہ بات جیمز اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی کے ڈائریکٹرمیاں عبدالجبار نے صحافیوں کو بتائی انہوں نے بتایا کہ سرگودھا میں جیمز اینڈ جیولری کا یہ سنٹر ملک کادوسرا بڑا سنٹر ہوگا جہاں پر سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر، جھنگ، فیصل آباد، چنیوٹ، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد اور دیگراضلاع کے لوگ استفادہ کرینگے۔

سرگودھا(بیورورپورٹ) طاہر القادری کے لانگ مارچ کیلئے تیاریوں کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران اور کارکنان14 جنوری کو ہونیوالے لانگ مارچ کیلئے شہر بھر میں شہریوں کو اسلام آباد لے جانے کیلئے تیار کررہے ہیں جبکہ مختلف مساجد میں بھی لانگ مارچ کیلئے نمازیوں کو راغب کرنے کیلئے علماء کرام اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

سرگودھا(بیورورپورٹ) یونیورسٹی روڈ اور تھانہ عطاء شہید کے علاقہ میں دو مختلف وارداتوں میں نامعلوم افراد ایک شخص سے موٹرسائیکل اور نقدی لے اڑے اسی طرح یونیورسٹی روڈ پر واقع جنرل سٹور سے تین افراد ہزاروں روپے کی نقدی لے اڑے۔

سرگودھا(بیورورپورٹ) سرگودھا کی مختلف صحافتی تنظیموں نے سرگودھا پریس کلب کے صدر نعیم اختر، جنرل سیکرٹری رانا ساجد اقبال سمیت تمام کابینہ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرگودھا پریس کلب ورکرز صحافیوں کا نمائندہ ادارہ ہے اور اس میں صحافتی مفاد کے برعکس کام کرنیوالے نام نہاد صحافیوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ان خیالات کااظہار مختلف صحافتی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے عبدالصمدشاہین، طارق اعوان، خالد بھٹی، محمد ارشد محمود ارشی، محمد عمران گورائیہ اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ گزشتہ سالوں کی نسبت اب سرگودھا کے صحافیوں کیلئے پریس کلب کے دروازے کھلے ہیں۔ یہاں پر اب سازشیں نہیں ہوتی ہیں اور نہ ہی کسی کی عزت نفس کو مجروح کیاجاتا ہے۔ قبل ازیں سرگودھا پریس کلب پر قابض لوگ نہ صرف صحافت کا بدنامی کا باعث بن رہے تھے۔ بلکہ لوگوں کو گمراہ کررہے تھے اب تمام صحافی متحد ہیں۔

سرگودھا(بیورورپورٹ) حکمرانوں کی لوٹ مار نے قوم سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھین لیا جمہوریت کی آڑ میں حکمرانوں کی کرپشن نے لوگوں کیلئے بجلی، گیس، پانی، آٹا، چینی، گھی، پٹرول قوم کی پہنچ سے دور کردیا۔ ان خیالات کااظہار قومی اسمبلی حلقہ این اے66 سے جماعت اسلامی کے امیدوار ڈاکٹر ارشد شاہد نے اپنے بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ جمہوریت دنیا بھر میں لوگوں کیلئے خوشحالی اور ترقی کا پیغام لاتی ہے۔ پاکستان میں حکمرانوں نے قوم کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھین لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سرگودھا شہر میں فوری طور پر گیس کی فراہمی شروع نہ کی گئی تو سرگودھا کے شہریوں کے ساتھ احتجاج میں ڈاکٹر ارشدشاہد سب سے آگے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ گیس نہ ہونے کے باعث بچے، بچیاں بھوکے سکول جانے پر مجبور ہیں۔ گیس سلنڈر حکمرانوں کی نااہلی کے باعث قوم کی پہنچ سے دور ہوچکا ہے بدقسمتی یہ ہے کہ جمہوریت کے ان علمبرداروں نے ملک میں پیدا ہونیوالی گیس ہی قوم کیلئے نایاب کردی۔ انہوں نے محکمہ سوئی گیس پرواضح کیا کہ اگر فوری طور پر شہریوں کو گیس کی فراہمی شروع نہ کی گی تو حالات کی ذمہ داری موجودہ حکمرانوں یہاں کے حکومتی ارکان اسمبلی اور محکمہ سوئی گیس پر ہوگی۔

سرگودھا(بیورورپورٹ) انجمن تاجران شہر وضلع سرگودھا کے نائب صدر بابا جی گارمنٹس کے ایم ڈی حاجی محمد اختر کی والدہ ماجدہ رضائے الہی سے وفات پاگئی ہیں۔ جنہیں سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیاہے۔ نماز جنازہ میں تاجروں، ارکان اسمبلی کے علاوہ تمام مکاتب فکر کے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی آج صبح نو بجے توحید چوک بلاک14 میں ادا کی جائے گی۔ ان کی وفات پر ارشد محمود ارشی، شفیق الرحمن، چوہدری محمدخالد، شہبازخان سمیت دیگر نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی مرحومہ کو اپنے جواررحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کوصبر وجمیل عطاء کرے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) سرگودھا پریس کلب ورکر صحافیوں کا نمائندہ ادارہ ہے اور اس ادارہ سے وابستہ تمام ممبران صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے متحد ہیں ان خیالات کا اظہار سرگودھا پریس کلب میں منعقدہ صحافیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پریس کلب کے صدر نعیم اختر خان‘ جنرل سیکرٹری رانا ساجد اقبال‘ سینئر نائب صدر ملک محمد اصغر‘ نائب صدر شہزاد شیرازی‘ فنانس سیکرٹری شیخ نعیم طاہر‘ سیکرٹری اطلاعات راؤ محمد اسلم فراز‘ جوائنٹ سیکرٹری ظہور احمد شاہد‘ اور سینئر صحافی رانا علیم اختر ‘ شاہین فاروقی سمیت دیگر نے کیا انہوں نے کہا کہ بعض لوگ صحافیوں کی صفوں میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں انہیں کچھ حاصل نہ ہوگا یہ لوگ نام نہاد لوگ ہیں جن کا صحافت سے دور کا بھی تعلق نہیں یہ لوگ صحافت کی آڑ میں جس طرح کے گھناؤنے کارو بار کررہے ہیں انہیں بے نقاب کیا جائیگا اس موقع پر صحافیوں کی بڑی تعداد نے پریس کلب کے تمام عہدیداران پر اعتماد کا اظہار کیا۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) اشاعت التوحید و السنتہ ربیع الاول کے مہینہ میں سیرت کے پروگرام منعقد کریگی علماء کرام کے ماہانہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا اشاعت توحید و سنت کے علماء کرام کا ماہانہ اجلاس مسجد معاویہ میں منعقد ہوا جس میں فیصلہ ہوا کہ ربیع الاول کے مہینہ میں شہر کی مختلف مساجد میں سیرت النبیؐ کے حوالے سے پروگرام منعقد کریگی جس میں بیرونی علماء کرام اور مقامی علماء خطاب فرمائیں گے اس سلسلہ میں مرکزی پروگرام یکم فروری بروز جمعۃ المبارک میں ہوگا جس میں جماعت کے مرکزی امیر مولانا محمد طیب طاہری اور مولانا احمد شعیب بیان فرمائیں گے اس کے علاوہ اجلاس میں درس قرآن کی ضرورت اور اہمیت پر زور دیا گیا اجلاس میں کثیر تعداد میں علماء کرام شرکت کی۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) قاضی حسین احمد کے انتقال سے ملک ایک مدبر رہنما سے محروم ہوگیا مولانا عطاء اللہ بندیالوی‘ اشاعت توحید و سنت کے علماء کرام کے اجلاس منعقد ہوا جس میں مولانا ضیاء الحق ‘ مولانا قاری عبدالقیوم‘ مولانا عبدالکریم‘ مولانا قاری عصمت اللہ اور دیگر علماء شریک ہوئے اجلاس میں ملک کی معروف علمی اور سیاسی شخصیت قاضی حسین احمد کی وفات پر انتہائی دکھ کا اظہار کیا گیا ان کی وفات سے قوم ایک عظیم مذہبی رہنما سے محروم ہوگئی ان کی شخصیت ملک و قوم کیلئے ایک سرمایہ کی حیثیت رکھتی تھی ان کی قائدانہ صلاحیتوں سے دینی اور سیاسی جماعتوں کے درمیان اتحاد و اتفاق کی فضاء قائم ہوئی اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ عطاء فرمائے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) لڑائی کے دو مختلف واقعات میں خاتون سمیت تین افراد شدید زخمی ہوگئے بتایا گیا ہے کہ طارق آباد میں نالی کے تنازعہ پر ساجدہ بی بی کو فہیم ‘ نورین بی بی نے ڈنڈے مار کر مضروب کردیا اسی طرح کوٹمومن کے حاجی افتخار اور نوید کو گالی گلوچ پر سرفراز ‘ ارشد‘ طاہر وغیرہ نے سریوں کے راڈ مار کر لہولہان کردیا جنہیں طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سرگودھا منتقل کردیا گیا ہے ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) شہری کو نوکری کا جھانسہ دیکر پچاس ہزار روپے ہتھیالئے بتایا گیا ہے کہ بلاک نمبر 29 عامر شہزاد نے محکمہ ہیلتھ میں وارڈ بوائے بھرتی کروانے کیلئے سعید سے پچاس ہزار روپے لئے جو نوکری پر نہ لگوا سکا اور واپسی کے تقاضہ پر اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور پچاس ہزار روپے خرد برد کرلئے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) شادی شدہ خاتون کو تین اوباش نوجوانوں نے زناء کی خاطر اغواء کرلیا بتایا گیا ہے کہ معظم آباد کے اللہ دتہ کی بیوی کو نور بخش‘ کاشف حبیب اور نور اسلام نے گھر میں اکیلی پاکر زناء کی خاطر اغواء کرلیا اور نامعلوم مقام پر لے گئے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) دو نامعلوم مسلح افراد نے موٹر سائیکل سوار کو اسلحہ کے زور پر لِوٹ لیا بتایا گیا ہے کہ معظم آباد کے قریب کوٹمومن کے رہائشی خرم شہزاد سے دو مسلح افراد نے اس کا موٹر سائیکل نمبری 7706 اور موبائل فون چھین لیا اور فرار ہوگئے تھانہ کوٹمومن پولیس نے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) تیز رفتار ہائی ایس کی ٹکر سے راہگیر جانبحق بتایا گیا ہے کہ 46 اڈا کے قریب تیز رفتار ہائی ایس نمبری 1313 نے سڑک کراس کرنیوالے اٹھارہ سالہ نوجوان مقبول کو بری طرح کھل دیا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا جسے زخمی حالت میں طبی امداد کیلئے ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) پرچی جواء کرانیوالے دو افراد کو پولیس نے اپنی حراست میں لے لیا بتایا گیا ہے کہ کوٹمومن پولیس نے ذوالفقار علی‘ شاہ نواز کو پرچی جواء کرنے کے الزام میں حراست میں لے لیا ہے پولیس نے انہیں گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 12 ہزار روپے نقدی اور دیگر سامان برآمد کرلیا ہے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) ایس ایس پی سرگودھا ڈاکٹر محمد رضوان کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر کی پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر متعدد مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا ہے اور ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں شراب‘ ہیروئن‘ چرس‘ افیون اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے اور ان کیخلاف متعلقہ تھانوں میں الگ الگ مقدمات درج کرلئے ہیں۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) سرگودھا اور گردونواح میں سردی اور دھند کا گزشتہ دس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی یہ لہر مزید 2 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے 2003ء میں بھی شدید سردی اوردھند کی وجہ سے سردی کی شدت میں بے پناہ اضافہ ہوا تھا مگر اس سال پڑنے والی سردی نے گزشتہ سالوں کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے سردی کی شدت کے باعث لوگوں کے ہاتھ پاؤں کی سوجنا شروع ہوگئیں جس کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ہاتھ پاؤں کی انگلیاں سوجنے کی بڑی وجہ سرد گرم پانی کا استعمال ہے جس کے باعث انگلیاں سوج جاتی ہیں کیونکہ خون کی گردش سردی میں کم ہوتی ہے جونہی گرم پانی یا آگ وغیرہ کے قریب جاتے ہیں تو خون کی گردش تیز ہوجاتی ہے جو سوجن کا باعث بنتی ہے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات چوہدری ارشد ڈھونڈا نے کہا ہے کہ طاہر القادری کا ایجنڈا جمہوریت کی بساط کو لپیٹنا ہے عرصہ دراز سے خود ساختہ جلا وطنی کاٹنے والے شیخ الاسلام کو اچانک ملکی حالات خراب نظر آنے لگے ہیں وہ جمہوریت کو بچانے کی بجائے اس کو ختم کرنے کے در پے ہیں انہیں چاہیئے کہ وہ فوری طور پر اپنا فیصلہ واپس لیں اور حکومت سے مذاکرات کریں عوام کو معلوم ہے کہ انتخابات کا اعلان آئندہ دو ماہ میں ہونیوالا ہے اس لئے وہ کسی لانگ مارچ کا حصہ نہیں بنیں گے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) ایم ایس ایف کے سینئر نائب صدر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت اپنے انجام کو پہنچنے والی ہے کیونکہ موجودہ حکمرانوں نے عوام کیلئے ہر چیز کو دور کردیا ہے اب وقت آگیا ہے کہ پوری قوم میاں نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کرے اور آئندہ انتخابات میں موجودہ کرپٹ حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے ن لیگ کو کامیاب کرے۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ ن کے ڈویژنل کوآرڈی نیٹر چوہدری محسن شاہ نواز رانجھا کی کارکردگی قابل تحسین ہے انہوں نے ڈویژن بھر میں ن لیگ کو متحرک کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی ان خیالات کا اظہار سرگودھا کے نواحی علاقے ماڑی لک میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہر شیر محمد لک اور دیگر نے کیا مہر شیر محمد لک نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں سرگودھا ضلع سے ن لیگ ہی کامیاب ہوگی۔

سرگودھا (بیورو رپورٹ) وکلاء کے حقوق کی جنگ لڑتے رہیں گے سرگودھا میں ہائیکورٹ بینچ کے قیام کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی ان خْیالات کا اظہار وکلاء کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جوائنٹ سیکرٹری کے امیدوار چوہدری شاہد منیر رندھاوا نے کیا انہوں نے کہا کہ اگر وکلاء بھائیوں نے مجھے ووٹ دیئے تو ان کے تعاو ن سے سرگودھا میں ہائیکورٹ کے بینچ کی تحریک کو مزید تیز کرینگے۔

No comments:

Post a Comment